19 مارچ 2015 - 07:42
چین نے کی امریکی مداخلت کی مذمت

چین نے دیگر ملکوں کے داخلی معاملات میں امریکہ کی مداخلت کی مذمت کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ چین نے دیگر ملکوں کے ساتھ اس کے سرحدی تنازعات میں امریکی بحریہ کی مداخلت پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہےکہ امریکی حکومت کو غیر ذمہ دارانہ بیان بازی سے پرہیز کرنا چاہیے- ارنا کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونک لی نے امریکہ کی حالیہ رپورٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے امریکہ کو دیگر ملکوں کے داخلی مسائل کے بارے میں دانشمندانہ اور منطقی موقف اختیار کرنا چاہیے- ہونک لی نے کہا کہ چین کی حکومت نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ دیگر ملکوں کے ساتھ اپنے بحری تنازعات کو تاریخی حقائق اور عالمی قوانین کے دائرے میں مذاکرات سے حل کرے- چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ چین کی حکومت کو امید ہے کہ امریکی حکومت منصفانہ اور صحیح موقف اختیار کرکے غیرذمہ دارانہ بیان بازی سے پرہیز کرے گی- قابل ذکر ہے کہ امریکی بحریہ نے ایک رپورٹ میں چین پر الزام لگایا ہے کہ چین، طاقت کے بل پر بعض علاقوں پر اپنی مالکیت کے دعووں کو تسلیم کروانے کے درپئے ہے اور اس کے نتیجے میں علاقے میں کشیدگی اور عدم استحکام میں اضافہ ہوا ہے- چین نے امریکہ کی اس رپورٹ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ امن کے سائے میں ترقی اور قومی دفاعی پالیسی پر عمل پیرا ہے- چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اپنی بحریہ کو مزید مضبوط بنانے کی بیجنگ کی کوششیں کسی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہیں- ہونک لی نے کہا کہ چین کا اپنی بحریہ کو مصبوظ بنانا اس کے اقتدار اعلی کے دفاع اور مفادات کے تحفظ کے لئے ہے اور اس کا مقصد علاقے میں امن و استحکام لانا ہے- واضح رہے چین کے جنوبی سمندر میں چین اور مشرقی ایشیا کے ملکوں کے درمیان ساحلی سرحدی اختلافات کی بنا پر اس علاقے میں کشیدگی رہتی ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲